حیدرآباد:12 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مولاناآزادنیشنل اردویونیورسٹی میں مختلف کیمپسوں میں تعلیمی سال 2019-20 کے لیے آن لائن داخلے جاری ہیں۔ موجودہ دور میں سماجی علوم اور آرٹس کے مضامین دوبارہ اپنی اہمیت منوارہے ہیں۔ انہیں مسابقتی امتحانات میں کامیابی کی کلید سمجھا جاتا ہے۔ اسکول برائے فنون و سماجی علوم میں شعبۂ مطالعات نسواں، نظم و نسق عامہ، سیاسیات،سوشل ورک، اسلامک اسٹڈیز، تاریخ، معاشیات، سماجیات میں گریجویشن، پوسٹ گریجویشن و پی ایچ ڈی اور مرکز برائے مطالعاتِ سماجی اخراج و اشتمالی پالیسی میں پی ایچ ڈی پروگرامس دستیاب ہیں۔ واضح رہے کہ ان کورسز میں کامیاب بطور خاص پبلک ایڈمنسٹریشن اور پولیٹیکل سائنس کے طلبہ، یو پی ایس سی کی جانب سے منعقدہ مسابقتی امتحانات آئی اے ایس، آئی پی ایس کے علاوہ گروپ I امتحانات میں بہتر نشانات حاصل کرسکتے ہیں۔ ماسٹر آف سوشل ورک ایک پیشہ ورانہ کورس ہے۔ طلبہ کو دوران تعلیمِ مختلف تنظیموں میں انٹرنشپ کرنے کا موقع ملتا ہے اور جب وہ کامیاب ہوجاتے ہیں تو انہیں اکثر اسی ادارے میں نوکریاں مل جاتی ہیں جہاں وہ انٹرنشپ کر رہے ہوں۔ طلبہ اس کورس میں کامیابی کے بعد نوکری کے ساتھ خدمت خلق کرتے ہوئے سماج میں اعلیٰ مقام حاصل کرتے ہیں۔ معاشیات کے طلبہ مختلف کمپنیوں میں نوکریاں حاصل کرسکتے ہیں۔ یہی حال دیگر کورسز کا بھی ہے۔ سماجی علوم، طلبہ کو ایک بہتر شہری، سماج کو بہتر طور سمجھنے والا، عوامی نظم و نسق کے ماہر بناتے ہیں۔ یونیورسٹی میں ماہر اساتذہ کی نگرانی میں طلبہ کی شخصیت کے ہمہ جہتی فروغ کا انتظام ہے۔ یونیورسٹی سے طلبہ کی کرکٹ ٹیم، فٹ بال ٹیم اور دیگر اسپورٹس ٹیمیں مختلف انٹر یونیورسٹی ٹورنمنٹس میں حصہ لیتی ہیں۔ یہاں پر کھیل کا بڑا میدان، جم، مختلف کھیلوں کے لیے کوچس دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ طلبہ کی زائد نصابی سرگرمیوں کے لیے مرکزبرائے مطالعاتِ اُردو ثقافت، نیشنل سروس اسکیم سیل وغیرہ ہیں۔ پی ایچ ڈی میں داخلوں کی آخری تاریخ یکم ؍ مئی2019 ہے جبکہ بی اے اور ایم اے میں داخلے کے لیے آن لائن درخواستیں 30؍ جون تک بھری جاسکتی ہیں۔ تمام درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کم از کم دسویں /بارہویں/ڈگری میں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرچکے ہوں یابحیثیت زبان یا مضمون، اردو کامیاب ہوں یا مصرحہ مدرسوں سے فارغ ہوں (مدرسوں کی فہرست ای ۔ پراسپکٹس میں دی گئی ہے)۔ تمام پروگراموں میں داخلے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے صدر مرکز حیدرآباد پر دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ اعلامیہ کے مطابق چند کورسز لکھنؤ کیمپس اور سری نگر کیمپس میں بھی دستیاب ہیں۔ درخواستیں یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in پر دستیاب ہے اور صرف آن لائن ہی قبول کی جائیں گی۔ تفصیلات یا کسی وضاحت کے لیے نظامت داخلہ کو admissionsregular@manuu.edu.in پر ای میل کریں۔ایس سی /ایس ٹی/اوبی سی/معذور امیدواروں کے مختلف پروگراموں میں داخلے کیلئے تحفظات حکومت ہند کے ضوابط کے مطابق رہیں گے۔ یونیورسٹی میں ہاسٹل کی محدود گنجائش فراہم ہے۔